Madonna 60 Saal ki HO Gayien

128
پاپ اسٹار، اداکارہ، ڈائریکٹر اور مصنفہ میڈونا 60 برس کی ہو گئی ہیں۔ میڈونا کا پورا نام میڈونا لوئس ہے۔ اب تک انہوں نے دنیا بھر میں دس کنسرٹ ورلڈ ٹور کیے ہیں اور اُن کے 30 کروڑ سے زائد کیسٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق وہ اپنے دور کی کامیاب ترین گلوکارہ ہیں۔ میڈونا 16 ؍اگست 1958ء کو بے سٹی، مشی گن میں پیدا ہوئیں۔ میڈونا نے اپنی ابتدائی زندگی امریکا میں روچیسٹر اور مشی گن میں گزاری۔ میڈونا کی والدہ 1963ء میں انتقال کرگئیں تو میڈونا کم عمری میں ہی ممتا سے محروم ہو کر دادی کی سرپرستی میں آگئیں۔ میڈونا کی والدہ کا نام بھی میڈونا ہی تھا۔ اپنی فنی زندگی کے آغاز کے لیے میڈونا نے1977ء میں نیویارک کا رُخ کیا جہاں انہوں نے رقص سیکھا اور ماڈل کے طور پر کام شروع کیا۔ موسیقی کے کیریئر کی ابتدا میڈونا نے اپنے دوست اسٹیفن برے کی ساتھ کی۔ اس دوران انہوں نے کئی گانے تیار کیے۔ نیویارک میں انہوں نے موسیقی کے گروپس بریک فاسٹ اور ایمی سے بطور گلوکارہ وابستہ ہو کر اپنی حیثیت منوانے میں کامیاب رہیں۔ 1983ء میں میڈونا نے اپنی گلوکاری کا پہلا البم ’’میڈونا‘‘ کے نام سے ہی ریلیز کیا۔ ان کے مقبول ترین البمز میڈونا، لائک اے وِرجن، ٹریو بلیو، لائک اے پریئر، میوزک، امریکن لائف اور ہارڈ کینڈی وغیرہ شامل ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میڈونا، خواتین میں سب سے زیادہ مقبول ترین گلوکارہ ہیں اور گزشتہ صدی کی پچیس طاقتور خواتین میں سے ایک ہیں۔
1981ء میں ایک آڈیشن کے دوران انہیں مسترد کر دیا گیا۔ مسترد کیے جانے کے خط میں لکھا تھا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ وہ ابھی اس کے لیے تیار ہیں لیکن اچھے آرٹسٹ کے لیے اُن میں بنیادی خصوصیات موجود ہیں۔‘‘
میڈونا نے اس خط کو 2001ء میں نیلام کر دیا تھا۔ آخرکار میڈونا کی محنت رائیگاں نہیں گئی اور انہیں سایئر ریکارڈ کے مالک کی جانب سے ایک امید نظر آئی۔ ہوا کچھ یوں کہ میوزک کمپنی کے سربراہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ میڈونا اُن کی عیادت کے لیے گئیں اور انہیں گانا گا کر سنایا۔ انہیں اُن کا گانا پسند آیا اور یوں موسیقی کا سفر شروع ہوا۔ 1983ء میں میڈونا کا گانا امریکی چارٹ میں شامل ہوا اور جنوری 1984ء میں یہ 16ویں نمبر پر آ گیا۔ اس کے بعد اُن کے دیگر گانے بھی بے حد مقبول ہوئے۔ 1985ء، نوجوان میڈونا کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا۔ انہوں نے بیسٹی بوائے کے ساتھ مل کر امدادی رقوم جمع کرنے کے لیے کنسرٹ کیا اور ایتھوپیا میں خواتین کے لیے رقوم جمع کیں۔ 1985ء میں میڈونا نے اداکاری کا رخ کیا اور انہوں نے مزاحیہ ڈرامے میں اداکاری کی اور اُن کی کافی حوصلہ افزائی کی گئی۔ میڈونا نے 1985ء میں اداکار شان پین کے ساتھ کیلیفورنیا میں شادی کی اور دونوں نے 1986ء میں فلم ’’شنگھائی سرپرائز‘‘ میں ساتھ کام بھی کیا۔ میڈونا کی تیسری البم ’’ٹرو بلو‘‘ 1986ء میں ریلیز ہوئی۔ اس البم کے ذریعے اُن کی شناخت پاپ گلوکارہ کے طور پر ہوئی اور یہ البم دنیا کے 12 ملکوں میں پہلے نمبر پر رہا۔ میڈونا کے البم میں کم عمری میں زچگی کے موضوع پر ایک گانا ’’پاپا ڈونٹ پریچ‘‘ شامل تھا۔ جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ متنازع مسائل پر بات کرنے سے خوفزدہ نہیں ہوتی ہیں۔ 1989ء میں میڈونا کی اپنے شوہر سے علیحدگی کے بعد ایک گانے کی متنازع ویڈیو سامنے آئی۔ اس ویڈیو میں وہ صلیب کو جلا رہی ہیں اور سیاہ فام سینٹ کو بوسہ دے رہی ہیں۔ اس ویڈیو پر بہت ہنگامہ ہوا۔ متنازع ہونے کے باوجود یہ ویڈیو بہت کامیاب ہوئی۔ 1992ء میں میڈونا نے تمام تر تنازعات کا جواب کتابیں لکھ کر دیا۔ انہوں نے نوجوانوں اور بچوں کے لیے کئی کتابیں لکھیں۔ اُن کی کتابوں پر بہت ملاجلا ردعمل سامنے آیا۔ خواتین کو بااختیار ظاہر کرنے کے لیے کئی افراد نے اُن کی ہمت کی داد بھی دی اور تنقید بھی کی۔ 1996ء میں میڈونا نے ایک فلم میں ارجنٹینا کے صدر کی اہلیہ کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم اُن کی فلمی کیریئر کو بہت آگے لے گئی۔ 1998ء میں میڈونا کی زندگی میں فلم ڈائریکٹر گائے رِچی آئے۔ میڈونا کی اُن سے ملاقات ایک پارٹی کے دوران ہوئی۔ 2000ء میں میڈونا اور گائے رِچی کا بیٹا روکو پیدا ہوا۔ روکو کی پیدائش کے بعد دونوں نے شادی کر لی۔ اُن کی شادی کی تقریب میں روپرٹ ایورٹ اور معروف فیشن ڈیزائنر ڈونٹیلا ورساچی سمیت معروف ڈیزائنرز اور فنکاروں نے شرکت کی۔ 2004ء میں میڈونا نے دوبارہ ورلڈ ٹور کیا اور دنیا بھر میں اُن کے کنسرٹ کے ٹکٹ چھ کروڑ 25 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوئے۔ اس ٹور کے دوران اُن کی ڈانس پرفارمنس یوگا سے مماثلت رکھتی تھی۔ 2008ء میں میڈونا نے 13 ماہ کے بچے ڈیوڈ کو گود لیا اور اسی سال رِچی اور میڈونا کے درمیان طلاق ہو گئی۔ امریکی جریدے فوربس کے مطابق میڈونا 58 کروڑ ڈالرز مالیت کے اثاثوں کے ساتھ امریکا میں رہنے والی امیرترین خاتون آرٹسٹ ہیں۔ اُن کے بعد دوسری امیرترین خاتون آرٹسٹ سیلین ڈیون ہیں جن کے مجموعی اثاثے 38 کروڑ ڈالرز ہیں۔ دنیا بھر میں کنسرٹ کرنے والی میڈونا اب مختصر اور محدود شائقین کی محفلوں کے لیے پرفارمنس کے انداز جاننا چاہتی ہیں۔
SHARE